مظفر نگر کےنوجوان محمد عارف کو پولیس حراست میں جنسی طور پر ہراساں کئے
جانے پر الہ آباد ہائی کورٹ نے سخت نوٹس لیا ہے ۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے
پولیس کے ذریعے محمد عارف کے پرائیویٹ پارٹس کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے
پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس محکمہ سے جواب طلب کر لیا ہے ۔
واضح رہے کہ مظفر نگر نئی منڈی علاقے کے رہنے والے محمد عارف کو پولیس نے
گذشتہ پانچ نومبر کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ حراست کے
دوران
مقامی پولیس نےعارف پر نہ صرف تھرڈ ڈگری استعمال کیا بلکہ اس کو جنسی طور
سے تشد د کا نشانہ بھی بنایا ۔ پولیس کے اس غیر انسانی رویے کے خلاف عارف
کی دادی ہاشمی بیگم نے الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے پولیس کے خلاف سخت حکم جاری کیا ہے ۔
ہائی کورٹ نے پولیس محکمہ سے جواب طلب کرنےکے ساتھ اسے عارف کے بہترعلاج
کا حکم دیا ہے ۔ عارف کے معاملے کی آئندہ سماعت اب 09؍ جنوری کو ہوگی۔